دنیا میں کورونا وائرس کے کیس 15 لاکھ سے بڑھ گئے
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
ان اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پانچ لاکھ کیس گذشتہ چھ دن میں سامنے آئے۔ جمعے تک یہ تعداد دس لاکھ تھی۔
یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو گی کیونکہ بہت سے لوگوں میں ابھی علامات کم ظاہر ہوئی ہیں اور ان کے ٹیسٹ نہیں ہوئے۔
اب تک دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 90 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ تین لاکھ 37 ہزار افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
امریکہ میں اب تک سب سے زیادہ مصدقہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور اس کے بعد سپین کا نمبر ہے۔ امریکہ میں متاثرین کی تعداد چار لاکھ 32 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ اس کے بعد زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں اٹلی اور جرمنی کا نام ہے۔
اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 17000 سے زیادہ ہے۔ سپین میں 15000 ہزار سے زیادہ ہے اور فرانس میں 10 ہزار ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
برطانیہ میں 7000 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اب تک مصدقہ کیس 60 ہزار سے بڑھ چکے ہیں۔

Comments
Post a Comment